بھٹکل 2 ستمبر (ایس او نیوز) ریاست کرناٹک میں کوویڈ کے معاملات کم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں اور روز بروز کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، ریاست میں جب ایک ہی دن پانچ ہزار کورونا کے معاملات سامنے آئے تھے تو سمجھا جارہا تھا، ایک ہی دن سامنے آنے والے یہی سب سے زائد معاملات ہوں گے، مگر اب روزانہ پانچ ہزار نہیں بلکہ آٹھ ہزار پھر نو ہزار اور اب ایک ہی دن کورونا کے 9860 معاملات سامنے آئے ہیں، حالات اشارہ دے رہے ہیں کہ اگلے چند دنوں میں کرناٹک میں کورونا مریضوں کی تعداد کم ہونے کے بجائے مزید بڑھیں گے اور اگلے دو ایک دنوں میں یہ تعداد دس ہزار کو پار کرجائے گی۔ آج کے نو ہزار سے زائد معاملات کے سامنے آنے کے ساتھ ہی ریاست میں کورونا سے متاثر ہونے کے معاملات کی تعداد بڑھ کر 3,61,341 ہوگئی ہے جس میں سے اب تک 260913 اسپتالوں سے ڈسچارج ہوئے ہیں، 5950 لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے ، اس طرح ایکٹیو کیسس کی تعداد 94459 ہے۔
سرکاری ہیلتھ بلٹین کے مطابق 751 لوگ انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) میں ایڈمٹ ہیں۔
ایک طرف آج بدھ کو کورونا پوزیٹیو کے 9860 معاملات سامنے آئے وہیں آج ایک ہی دن ریاست کے مختلف اضلاع سے 113 لوگوں کی موت بھی واقع ہوئی ہے جس میں صرف بنگلور (اربن) میں ہی 32 لوگ کورونا کے شکار ہوئے ہیں۔
گذشتہ دنوں کی طرح آج بھی ریاست بھر میں کورونا کے سب سے زیادہ معاملات بنگلور (اربن) سے 3420 معاملات درج کئے گئے جبکہ بیلگاوی سے 470 اور بلاری سے 433 معاملات سامنے آئے۔
ساحلی اضلاع دکشن کنڑا میں 414، اُڈپی میں 169 اور اُترکنڑا میں 126 معاملات درج کئے گئے، اسی طرح دکشن کنڑا میں آج چھ لوگوں کی اور اُڈپی میں تین لوگوں کی موت واقع ہوئی۔
راحت کی بات یہ رہی کہ آج ایک ہی دن 6287 لوگ مختلف اسپتالوں سے ڈسچارج بھی ہوئے ہیں۔
تشویش کی بات یہ ہے کہ جیسے جیسے کورونا لاک ڈاون میں راحت دی جارہی ہے ، کورونا کے معاملات میں اضافہ ہی دیکھا جارہا ہے اس لئے ضلعی انتظامیہ اور ذمہ داران اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ سرکار کی طرف سے راحت دئے جانے کے باوجود عوام اپنی صحت کا خود خیال رکھیں، ایک دوسرے سے فاصلہ بنائے رکھیں، چہرے پر ماسک پہن کر ہی گھروں سے باہر جائیں اور اپنے ہاتھوں کو دھوتے رہیں اور سب سے زیادہ اہم بات یہ کہ اگر کسی میں اکسیجن کی کمی نظر آئے تو فوراً کوویڈ کئیرسینٹر سے رجوع کرکے اکسیجن فراہم کرنے میں تاخیر نہ کریں۔